راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر پوری طرح عملدرآمد کی ضرورت ہے جب کہ دہشت گردوں کےخفیہ ٹھکانے ختم کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کی جائیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں پیشہ وارانہ امور سمیت یمن اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرغور کیا گیا، کانفرنس کے دوران آرمی چیف کو دہشت گردی کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ اور خیبر ایجنسی میں آپریشن ’’خیبر‘‘ پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر پوری طرح عملدرآمد کی ضرورت ہے، تمام کور کمانڈرز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھیں اور دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ختم کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کی جائیں جب کہ اس دوران کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہونے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔