اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے انتخابی اصلاحات عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کےباوجود انتخابی اصلاحات کیوں نہیں کی گئیں۔ درخواست گزار بلال منٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، پارلیمنٹ قانون سازی کرے۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کسی حکومت کےتابع نہیں۔ سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی اصلاحات کمیٹی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جائزہ لیں گے کہ کمیٹی نے انتخابی اصلاحات کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کارروائی میں شامل کیا یا نہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل منیر پراچہ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر رہا ہے لیکن کچھ ایسی ہدایات ہیں جن پر قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔