دی ہیگ (پ۔ر) روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی ہالینڈ کے معروف ریڈیو سنگم پر خصوصی انٹرویو دینے کے لئے مذکورہ ریڈیو کے اسٹوڈیو پہنچے تو ڈائریکٹر حاجی فیروز علی احمد نے پر تپاک استقبال کیا۔
آدھے گھنٹے کے انٹرویو کے دوران سنیئر اناونسر نے 24مئی کو ہونے والی سالانہ تقریب آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت ۖ کے سلسلے میں کئی سوالات کئے جن کا تسلی بخش جواب دیتے ہوئے ایک موقعہ پر حاجی جاوید عظیمی نے کہا امسال اس نعتیہ مقابلے میں حصہ لینے کے لئے 35 نعت خوانوں نے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے لیکن وقت کی کمی کے باعث ہم صرف بارہ نعت خوانوں کو مقابلے میں شامل کر پائیں گے۔
جیوری سے متعلق سوال کے جواب میں جاوید عظیمی نے کہا کہ جیوری میں بیٹھنے والے جج حضرات کے نام حسب معمول مقابلے والے دن ہی ظاہر کئے جائیں گے۔
اس خصوصی انٹر ویو میں متذکرہ پروگرام کے معاون چیف کو آرڈینٹر حاجی محمد شفیق چیمہ نے نگران مراقبہ ہال کی معاونت کرتے ہوئے پروگرام کی تیاری سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔
آخر میں حاجی فیروز علی احمد نے دونوں مہمانوں کا انکی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
جبکہ جاوید عظیمی نے میزبان کے حق میں دعائیہ کلمات ادا کئے، یاد رہے ہر سال مذکورہ سالانہ تقریب کو ریڈیو سنگم پر مشتہر کیا جاتا ہے۔