بدین : بدین میں مرزا فارم ہاؤس کا مسلسل گھیراؤ، داخلی اور خارجی راستے سیل، سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کہتی ہیں صورتحال برقرار رہی تو ذوالفقار مرزا عدالت پیش نہیں ہوسکیں گے۔
بدین میں پولیس نے ذوالفقار مرزار کے فارم ہاؤس کا گھیراؤ کر رکھا ہے ، داخلی اور خارجی راستے سیل ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی بدین پہنچ گئیں ، انھوں نے کہا کہ صورتحال برقرار رہی تو ذوالفقار مرزا عدالت پیش نہیں ہو سکیں گے۔
چیف جسٹس صورتحال کا نوٹس لیں ، ایس ایس پی بدین کا کہنا ہے ذوالفقار مرزا نے علاقے میں دہشت پھیلائی ، قانون توڑنے والوں کو ہرصورت گرفتار کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مختلف مقدمات میں مطلوب نوے فیصد افراد ذوالفقار مرزا کے فارم ہاؤس میں پناہ لیے ہوئے ہیں جن کے پاس آٹو میٹک اسلحہ ہے اور تمام لوگ مورچہ بند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے فارم کا محاصرہ جاری ہے۔
دوسری جانب مرزا حسنین آباد کا گورنمنٹ پرائمری اینڈ مڈل سکول پولیس لائن کا منظر پیش کر رہا ہے۔ کراچی سے آئی پولیس کی نفری نے بدین کے سرکاری سکول میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ کلاس روم اہلکاروں کے بیڈ روم کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کا سامان جگہ جگہ بکھرا پڑا ہے ادھر ایس ایس پی بدین نے دنیا نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ذوالفقار مرزا کو پیغام دیا ہے کہ وہ انہیں، اپنی حفاظت میں عدالت لے کر جائیں گے۔