کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے شاہد حامد قتل کیس دوبارہ کھلوانے سے متعلق صولت مرزا کی اہلیہ کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔
سندھ ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے صولت مرزا کی اہلیہ نگہت مرزا کی درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران نگہت مرزا کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ شاہدحامد قتل کیس کو دوبارہ کھولا جائے اور صولت مرزا نے اپنے بیان حلفی میں جن 6 افراد کے نام لئے ہیں ان سے تحقیقات کی جائے تاکہ اس قتل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جاسکے اور تحقیقات مکمل ہونے تک صولت مرزا کی سزا پر عمل درآمد روک دیا جائے، عدالت عالیہ نے دلائل سننے کے بعد درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صولت مرزا کی اہلیہ نگہت مرزا نے کہا کہ وہ صدر اور وزیر اعظم سے اپیل کرتی ہیں کہ ایک گواہ کو پھانسی سے بچایا جائے جب کہ ہم ان لوگوں کو بچانا چاہتے ہیں جن کا استعمال کیا جارہا ہے۔