اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے اور خوش گوار تعلقات کا خواہاں ہے. کئی علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں پاکستان اور مالدیپ کا موقف یکساں ہے۔
وہ مالدیپ کے صدر کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور مالدیپ میں پارلیمنٹ کی عمارت ہماری دوستی کی مثال ہے، جنہیں مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں وزیراعظم نے کہا کہ ان کی مہمان صدر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پربات چیت ہوئی،اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں پربھی اتفاق ہوا ہے، انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم نواز شریف اور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں، پاکستان اور مالدیپ گہرے رشتوں میں گھرے ہوئے ہیں، پاکستان ہمیشہ مالدیپ کا مخلص دوست ثابت ہوا، سونامی جیسی قدرتی آفت میں پاکستان نے بھرپور مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ عوامی سطح پر رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان صحت، تعلیم اور کھیل کے شعبے میں تعاون کے معاہدے ہوئے اور توقع ہے کہ ان کا دورہ پاکستان باہمی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان اور مالدیپ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی وفد جب کہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے مالدیپ کے وفد کی قیادت کی۔ مذاکرات میں صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا، جس کے بعد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور مالدیپ کے صدر نے بھی شرکت کی۔