اسلام آباد : سانحہ نلتر میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی سفرا اور ان کی بیگمات کی لاشوں کی حوالگی اور زخمیوں کی وطن واپسی کے لئے متعلقہ ممالک کے وفود پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناروے کی فرانزک ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، جو ڈی این اے ٹیسٹنگ میں پاکستانی حکام کی مدد کرے گی، ناروے کی ٹیم سی ایم ایچ راولپنڈی میں پاکستانی ماہرین کے ساتھ مل کر کام بھی کرے گی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناروے کے انجہانی سفیر کی بیوہ پاکستان نہیں آ رہیں جب کہ ہالینڈ کے زخمی سفیر کو لینے کیلئے ایئر ایمبولینس بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق انڈونیشیا، ملائشیا اور فلپائن سے وفود بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل گلگت میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک فوج کے 3 افسران اور غیر ملکی سفیروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔