اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد کل افغانستان کے ایک روزہ دورہ پر روانہ ہوگا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کرینگے۔
انہیں اس دورے کی دعوت افغان صدر اشرف غنی نے دی ہے جن کیساتھ ان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ افغان چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوںگے۔ وزیر اعظم ایک ایسے وقت میں یہ دورہ کر رہے ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اپنی بہترین نہج پر ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں قیام امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف کا یہ افغانستان کا دوسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل 30 نومبر کو افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
جس مین وزیر خزانہ اسحق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، چیف آف جنرل سٹاف زبیر محمود حیات، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔