اسلام آبادد: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے ایک پچیس کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پرن لیگ قوم کو گمراہ کر رہی ہے ، ریٹرننگ افسران کی نااہلی کا فائدہ کس کو ہوا ، جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سعد رفیق کو سپریم کورٹ نے ایک ماہ کا سٹے دیا ہے ۔ کیس چلے گا تو حقائق سامنے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کے فیصلے پرن لیگ قوم کو گمراہ نہ کرے۔ چیئرمین عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آر اوز کی غفلت کا ان سے کون پوچھتا کیونکہ الیکشن کمیشن بھی دھاندلی میں ملوث ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن عمران خان کیلئے نہیں بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بنایا گیا ہے ، اس سے ادارے مضبوط ہوں گے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو بائیس میں ترانوے ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ، اس نشست پر بھی فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آئے گا۔