راولپنڈی: بینکنگ کورٹ نے ایان علی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی مجسٹریٹ صابر سلطان نے کسٹم انٹیلی جنس حکام کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران کسٹم حکام کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپر ماڈل کرنسی اسمگلنگ میں نہیں بلکہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور اس معاملے میں ایک منظم گروہ ملوث ہے، معاملے کی از سر نو تفتیش کے لیے ان کے خلاف نیا مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے کسٹم حکام کی درخواست کو سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئے ماڈل ایان علی کو 25مئی کو طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی اسلام آباد ایئر پورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارہوئی تھیں۔