حیدرآباد دکن : بھارتی بلے باز ویرات کوہلی آئے روز تنازعات کا شکار رہتے ہیں اور حال ہی میں وہ آئی پی ایل کے میچ کے دوران امپائر سے بھی الجھ پڑے۔
انڈین پریمیئر لیگ میں حیدرآباد سن رائزرز اور رائل چیلینجز بنگلور کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران ہلکی بارش شروع ہو گئی ،موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہلے ہی میچ کو 11 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
پہلی اننگز کے آخری اوورز کی چوتھی گیند پر ویرات کوہلی اپنی جانب آئی گیند پکڑنے میں ناکام رہے اوربال ان کے ہاتھ سے پھسل گئی۔اس پر ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر دینیش کارتک نے سری لنکن امپائر کمارا دھرما سیناسے احتجاج کیا اور تیز بارش کے باوجود میچ جاری رکھنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔
بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اننگز ختم ہونے کے بعد غصے میں بھپرے ہوئے ویرات کوہلی امپائر دھرما سینا کے پاس گئے اور ان سے سخت الفاظ میں دریافت کیا کہ بارش کے باوجود میچ کیوں نہ روکا گیا۔ اس دوران بھارت سے تعلق رکھنے والے امپائر انیل چوہدری نے ویرات کوہلی کوخاموش کرایا جبکہ امپائردھرما سینا خاصے ناراض نظر آئے۔
دوسری جانب امپائر سے تلخ کلامی پر تاحال ویرات کوہلی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ، واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی جانب سے بدتمیزی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اپنی جارحانہ طبیعت کی وجہ سے وہ پہلے بھی کئی میچوں کے دوران مختلف تنازعات میں ملوث رہے ہیں۔