اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے دہشت گردی کی حمایت میں بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں بھارت کے متعلق خدشات کی تصدیق ہو گئی۔
منہ میں چھری رکھ کر رام رام کرنے والے بھارت کی اصلیت بے نقاب ہو ہی گئی۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے دہشت گرد ہی لانا ہوں گے۔
کانٹے سے ہی کانٹا نکالنا پڑتا ہے، صرف ہمارے ہی فوجیوں کا خون کیوں بہے۔ بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسلح درانداز کے ساتھ انسانی بنیادوں پر سلوک نہیں کیا جا سکتا۔ جو بھی دراندازی کی کوشش کرے گا، وہ مارا جائے گا۔
ممبئی حملوں کی طرح کے کسی نئے حملے کو روکنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں گے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے خدشات کی تصدیق ہوگئی ہے۔