اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا برطرفی کیس میں حکومت کا جواب آنے پر چند ماہ قبل سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جسٹس نور الحق قریشی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ، عدالت عالیہ نے حکومتی جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے اور چودھری رشید احمد کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیئرمین پیمرا کے عہدے پر بحال کر دیا۔
چودھری رشید کی جانب سے اپنی برطرفی اور قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کی تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ چیئرمین پیمرا کا عہدہ چار سال کیلئے ہوتا ہے۔
اس دوران صرف قواعد کی خلاف ورزی پر چیئرمین پیمرا کو برطرف کیا جا سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ قائم مقام چیئرمین کی پیمرا رولز میں کوئی گنجائش نہیں۔