اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو شفاف بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری پر اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، اے این پی، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام اور نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما شریک ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی معاملات پر اتفاق رائے اور افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، پاک چین دوستی سیاست سے بالاتر اور تمام جماعتوں کے لئے یکساں ہے، حکومت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو شفاف بنانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے تاہم جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار خوش آئند ہے اور اس سلسلے میں 18 ویں ترمیم کی متفقہ منظوری بہت بڑا سنگ میل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا گوٹھ انتہائی انتہائی افسوسناک ہے، حملہ کرنے والوں کو پکڑنے پر وزیراعلیٰ سندھ اور سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا گوٹھ پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بعدازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پلاننگ احسن اقبال نے پارلیمانی رہنماؤں کو پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور کے روٹ میں تبدیلی کے حوالے سے بدگمانی پائی جاتی ہے، منصوبے کے روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی اور روٹ چاروں صوبوں سے گزرتا ہے۔