کولمبو : قومی ٹیسٹ ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں سری لنکا پہنچ گئی۔
پاکستان اپنے دورے کا آغاز 11 جون کو کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے وارم اپ میچ سے کرے گا، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریزکا پہلا میچ 17جون کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے صبح گال اسٹیڈیم میں شروع ہوگا
دوسرے میچ میں دونوں ٹیمیں 25 جون کو کولمبو میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی جب کہ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 7 جولائی کو پالے کیلی میں شیڈول ہے۔ کپتان مصباح الحق کی قیادت میں 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی (نائب کپتان )، محمد حفیظ ، احمد شہزاد، شان مسعود، یونس خان، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، وہاب ریاض، جنید خان، عمران خان اور احسان عادل شامل ہیں۔
پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ دمبولا اسٹیڈیم میں یکم جولائی کو صبح ساڑھے 9 بجے، دوسرا 15 جولائی کو 2 بجے پالے کیلی اسٹیڈیم میں تیسرا 19 جولائی کو آر پریما داسا اسٹیڈیم، چوتھا 22 جولائی اورپانچواں 26 جولائی کو مہندا راجا پکسے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 30 جولائی اور دوسرا یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی ٹیم کا آئی لینڈ میں حالیہ ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے، اس نے آخری بار 6-2005 میں 2 میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو0-1 سے مات دی تھی تاہم پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، پاکستان نے 1982 سے 2014 تک مجموعی طور پر سری لنکا کے خلاف 48 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں سے 17 جیتے اور 13 ہارے جبکہ 18 میچز ڈرا ہوئے۔ سری لنکا کی سرزمین پر کھیلے گئے 20 ٹیسٹ میچز میں دونوں ٹیموں نے 6 ، 6 ٹیسٹ جیتے ہیں جب کہ 8 ڈرا ہوئے۔