راولپنڈی : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 2 بھائیوں کے قتل میں ملوث پولیس اہلکار کو کیفر کردار تک پہنچا کر لواحقین کو انصاف دلائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی آصف کرمانی کے ہمراہ راولپنڈی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے گھر پہنچے اور تعزیت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بھائیوں کے قتل میں ملوث اہلکار کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور ملزم کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر مقتول بھائیوں کے لواحقین کے لئے 15، 15 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل راولپنڈی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے موٹر سائیکل پر سوار 2 بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔