اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا مک مکا چل رہا ہے۔ پچھلے دور میں جب آصف زرداری کو خطرہ تھا تو نواز شریف نے مدد کی تھی۔
ان دونوں کا مقصد اپنی کرپشن چھپانا ہے۔ اب یہ دونوں پھر اکٹھے ہو جائیں گے۔ کرپشن بچانے کے لئے قومی اداروں کو تباہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ آصف زرداری کو جیل میں فوج نہیں نواز شریف نے ڈالا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔ انشااللہ 2015ء الیکشن کا سال ہے۔ الیکشن پراسس جوڈیشل کمیشن میں ٹھیک ہوسکتا ہے۔ اگلے الیکشن میں دو نمبر اور دھاندلی کرنے والوں سے قوم بچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نواز شریف سے استعفی مانگ رہے تھے تو احتجاج کرنے والی جماعتوں نے کہا کیوں استعفیٰ دیں اب وہ خیبر پختونخوا حکومت سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ اگر دھاندلی پر استعفیٰ دلوانا ہے تو پھر وفاق کو بھی ہٹایا جائے۔