گال : سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے 178 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی۔ اوپنر کوشال سِلوا کے شاندار 125 رنز کی بدولت ٹوٹل 300 تک پہنچ گیا۔ وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے تین، تین جبکہ محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے دو، دو شکار کئے۔ 300 رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز تو شروع کی لیکن آغاز مایوس کن رہا۔
دونوں اوپنر محمد حفیظ پھر احمد شہزاد 9 اور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 8 رنز تک ٹیم کا ساتھ دے سکے۔ یونس خان نے کچھ مزاحمت اور تجربہ کاری دکھائی۔ 47 رنز پر کھیلتے یونس خان پریرا کے آگے بے جان ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق مرد میدان ثابت نہ ہوئے اور صرف بیس رنز تک کریز پر ٹھہر سکے۔
خود کپتان آؤٹ ہوئے یعنی آدھی ٹیم چھیانوے کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔ پھر بارش کی آنکھ مچولی شروع ہو گئی جس کے باعث ایک سو اٹھار رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دن کا اختتام کر دیا گیا۔ سرفراز احمد پندرہ اور اسد شفیق چودہ رنز کے انفرادی سکور کے ساتھ چوتھے دن کا کھیل شروع کریں گے۔ سری لنکن برتری ختم کرنے کے لئے قومی شاہینوں کو ابھی 182 رنز بنانے ہیں۔