لاہور : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں فوج کے پیشہ ورانہ امور اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ملک کی اندرونی اوربیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اس موقع پر لاہور گیرژن میں آفیسرز سے بھی خطاب کیا۔ آرمی چیف کے خطاب کے مرکزی نکات میں اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال، آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس بیس آپریشن تھے۔ جنرل راحیل شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
آپریشن ضرب عضب سے شہری علاقوں میں مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن سے ملک میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
آرمی چیف نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔