counter easy hit

قوم کیلئے عید کا تحفہ، پاکستان تیسرا ون ڈے میچ جیت گیا

Pakistan

Pakistan

کولمبو : پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سری لنکا کو جیت کیلئے 317 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

سری لنکن ٹیم کا کوئی بھی بلے باز امیدوں پر پورا نہ اتر سکا اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کو 135 رنز سے شکست دی۔ تھرمنے واحد کھلاڑی تھے جو نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، انور علی اور عماد وسیم نے 2، 2 جبکہ راحت علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے اننگز کا پُراعتماد آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 93 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 44 رنز بنا کر ملینگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو 49 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑیوں محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 150 تک پہنچایا۔

محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچری مکمل کی۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 196 کے سکور پر اس وقت گری جب محمد حفیظ 54 رنز بنا کر پتھیرانا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کے سکور میں اضافہ کیا بلکہ اپنی نصف سینچری بھی مکمل کی۔ 77 رنز کے انفرادی سکور پر سرفراز احمد دو رنز لینے کی کوشش میں پریرا کی تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد رضوان نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کے سکور کو 316 رنز تک پہنچایا۔ شعیب ملک نے 42 جبکہ محمد رضوان نے 35 رنز کی جاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔