نئی دہلی : بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے آج عید ملن پارٹی دی جارہی ہے، پارٹی میں کشمیری حریت رہنما بھی شرکت کر رہے ہیں۔
بھارت میں آج سب کی توجہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی پر مرکوز ہے، پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد کی جانے والی پارٹی میں دیگر مہمانوں کے ساتھ کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق بھی شرکت کر رہے ہیں۔
تاہم بزرگ رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اوفا اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کی جس پر وہ احتجاجاً پاکستانی ہائی کمشنر کی دعوت میں شرکت نہیں کر رہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان استصواب رائے کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان خوش گوارتعلقات چاہتے ہیں، چاہتے ہیں پاکستان اوربھارت کے درمیان تمام اہم معاملات پربات چیت ہو۔پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ امید ہے دونوں ملکوں کے رہنما جلد ملاقات کریں گے اور باہمی مسائل حل کریں گے۔
عبدالباسط نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ملک جلد مخالفت چھوڑکر باہمی تعاون کی راہ اختیار کریں گے، انہوں نے سرینگر سے نئی دلی آنے پر میر واعظ عمر فاروق کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔