لاہور : پنجاب حکومت نے لاہور میں بی آر بی نہر کے قریب کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کا منصوبہ ختم کردیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے بی آربی نہر کے قریب کول پاورپلانٹ لگانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پنجاب حکومت لاہور میں بی آربی نہر کے قریب کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس کے لیے زمین حاصل کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے لیکن قانون کے مطابق حکومت ایسا کوئی منصوبہ نہیں بناسکتی جس سے شہریوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل کے پیش نظر پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کے منصوبے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ حکومتی موقف سننے کے بعد عدالت عالیہ نے اس سلسلے میں دائر درخواستیں نمٹا دیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے بی آربی کے قریب کول پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا تاہم اس کے مضر اثرات کے پیش نظر حکومتی اقدام کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا تھا۔