برنلے : حکومت پاکستان کوہر سال آنے والے سیلاب سے سبق سیکھنا چاہیئے اور ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے پشتے اور بند مضبوط کئے جائیں مگر کیا کیا جائے مسلم لیگ ن کے سر پر میٹرو کا بھوت سوار ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی نائب صدر میاں عبد الحمید نے مزید کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیم بنانے کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہر سال ملک کی تقریباً آدھی آبادی سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتی ہے اور حکومت مسحور کن بیانات دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی اور ٹیکس لگانے پرزور دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ود ہو لڈنگ ٹیکسس سے چھوٹے کاروباری لوگوں کا گلا مزید گھونٹ دیا گیا ہے لیکن جن ڈیڑھ سو لوگوں کے کیس نیب کے پاس پڑے ہیںان پر کوئی توجہ نہیں ؟کہ ان کو بھی کٹہڑے میں لایا جائے تاکہ اربوں کھربوں روپے وصول ہو سکیں اور جو ہر سال اربوں کی کرپشن ہو رہی ہے اس کی روک تھام کی جائے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم اورایوان صدر کے اخراجات کو کم کیا جائے۔
لاکھوں روپے تنخواہ والوں کی رعایات ختم کر کے نچلے طبقہ کے ملازمین کو دی جائیں۔ میٹرو سروس کے متعلق انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چلنے والی گورنمنٹ ٹرانسپورٹ کی طرح میٹروکا بھی وہی حشر ہوگااسی حکومت نے لاہور میں گورنمنٹ بسیں چلائی تھیںکہاں گئیں؟ جو بھی ورکشاپ میں گئی واپس آن روڈ نہیں ہوئی۔جلد ہی میٹرو بھی قصۂ ماضی ہو جائے گی۔