سکھر : قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے سندھ کی اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے ان کی کارروائیوں سے نفرتیں بڑھیں گی۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نیب اور ایف آئی اے سندھ کی اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے ان کی کارروائیوں سے نفرتیں بڑھیں گے جب کہ کرپشن پرویز مشرف کے دور میں پروان چڑھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین کے بیانات سے ہر پاکستانی کو تکلیف ہوئی ہوگی اور ایم کیو ایم کے بھارت کو خط لکھنے پر افسوس ہوا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جوش اور ناسمجھی کے بجائے سمجھداری کی سیاست کرنی چاہیے اور عمران خان کو عوامی معاملات پر سیاست کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں گرم ماحول کو مل کر ٹھنڈا کیا کیوں کہ میں ایک دوسرے کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے خلاف ہوں جب کہ فوجی عدالتوں کا قیام جمہوریت یا پارلیمنٹ پروار نہیں ہے۔