راولپنڈی : جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کسی بھی بیرونی جارحیت کا جامع سیکورٹی حکمت عملی کے تحت منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی سربراہی میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، سیکریٹری دفاع اور دیگر اعلیٰ عسکری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قومی سلامتی سے متعلق مسائل، خطے کی صورت حال اور مسلح افواج کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس لعنت کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔
اس موقع پر ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے مسلح افواج کی تیاریوں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلح افواج کی امدادی سرگرمیوں کو بھی سراہا گیا، اجلاس میں شرکا نے کسی بھی بیرونی جارحیت کا جامع سیکورٹی حکمت عملی کے تحت منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔