کراچی : کے الیکٹرک نے شہریوں پر مہنگائی کا نیا بم گراتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں 30 فیصد اضافہ کردیا جب کہ بجلی کی طویل بندش کے باوجود رواں ماہ صارفین کو بل گئی گناہ زیادہ ملے گا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 200 سے 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو اب فی یونٹ بجلی 8 روپے 11 پیسے کے بجائے 10 روپے 20 پیسے ملے گی۔
جب کہ 300 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ ریٹ 12 روپے سے بڑھا 16 روپے کردیا گیا ہے اس کے علاوہ 700 سے زائد یونٹس استعمال کرنے والوں کو اب بجلی 15 روپے فی یونٹ کے بجائے 18 روپے ملا کرے گی۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ ٹیرف میں اضافہ حکومت پاکستان کے حکم پر کیا گیا جس کا اطلاق 14 جولائی سے ہوگا۔