اٹک : شادی خان میں ہونے والے خودکش دھماکے کا ایک اور زخمی شہید ہو گیا۔ امریز خان کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے چچا زاد بھائی تھے جس کے بعد اس سانحے میں شہداء کی تعداد بیس ہو گئی۔
پاک فوج کے افسر اور اہلکار کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے بیٹے جہانگیر خانزادہ اور دیگر افراد کے ساتھ اُن کی قبر پر پہنچے۔ پاک فوج کے اہلکاروں نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اُن کی قبر کو سلامی پیش کی۔
دوسری طرف کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی شہادت کے تیسرے روز بھی علاقے کی فضا سوگوار ہے اور شہید کے گھر پر آج بھی تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہے۔ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے گھر پر فاتحہ خوانی بھی کی جا رہی ہے۔