پیرس : ورلڈ ڈیموکرٹیک فورم فرانس کے صدر میاں امجد نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مذاکرات سے انکار سے ثابت ہوگیا کہ اسے کشمیر میں جاری تحریک آزادی اور حریت رہنماوں سے پاکستانی قیادت کی ملاقاتوں کی کتنی تکلیف ہے۔
متعصب ہندوستانی قیادت کشمیریوں کوحق خود ارادیت نہیں دینا چاہتی۔ میاں امجد نے کہا کہ پاکستان کی ریاستی پالیسی کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی حمایت سے بھر پور ہے۔ جس سے پیچھے ہٹا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کا ڈھونگ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور پاکستان کی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے رچا یا ہے۔سیاسی اور عسکری قیادت کی کشمیر ایشو پر یکسوئی سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی متنازع قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کودعوت سے ا نکار کے بعد دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے خاتمے کے اعلان سے کشمیر یوں پر حکومت کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے میں مدد بھی ملی ہے۔