اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ 2 سال میں پاکستان کو مستحکم معشیت کی جانب گامزن کردیا اور آنے والے مہینوں میں معاشی طور پر عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گی تاہم معیشت پر سیاست ہر صورت بند ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں سرمایہ کاری سے متعلق تقریب سے خطاب کے دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2013 کے انتخابات سے پہلے عالمی ادارے پاکستان کو نادہندہ قرار دینے والے تھے لیکن آج پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلندترین سطح پر ہیں اور پاکستان معاشی طور پر توانا ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور کے مطابق پاکستان کو معاشی لحاظ سے مستحکم بنا رہے ہیں اور پاکستان میں ٹیکس ریٹ کو 3 فیصد سے 16 فیصد پر لے آئے جب کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 18 ارب ڈالر ہوچکےہیں اور پاکستان ہر آنے والے سال میں معاشی بہتری کی طرف جائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دسمبر 2017 تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے اور 2018 تک مزید 14 ہزار میگا واٹ کے منصوبے مکمل ہوں گے جب کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ہمارے ساتھ مل کر چارٹر آف اکنامک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خوشحالی کی نوید ہے جب کہ بلوچستان میں امن کا مرحلہ شروع ہوچکا ، بلوچی پاکستان کا جھنڈا لہرا رہے ہیں۔