کراچی: پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے امریکی مشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں واقع سفارت خانے اور کراچی، پشاور اور لاہور میں موجودقونصل خانوں کی اردو ویب سائٹس کا افتتاح کیا۔
پاکستان کی قومی زبان اردو میں ترتیب دی گئی ان ویب سائٹس کے اجراء پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اب پاکستان بھرمیں اردو سمجھنے والے افرادان ویب سائٹس کے ذریعے امریکی حکومت کے زیر انتظام جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ رچرڈ اولسن نے مزید کہا کہ امریکی ویزا اور تبادلہ پروگراموں کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی یہ سہولت انتہائی معاون ثابت ہوگی۔
امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کی اردو ویب سائٹس کےذریعے پاکستانی صارفین امریکی حکومت خاص طور پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (USAID)، یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP)، ایجوکیشن یو ایس اے اور امریکی کمرشل سروس کے بارے میں معلومات اور ان کی انفرادی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ان اردو ویب سائٹس کے ذریعے امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کے سوشل میڈیاپلیٹ فارمزتک رسائی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کی ویب سائٹ www.urdu.pakistan.usembassy.gov، امریکی قونصل خانہ کراچی کی ویب سائٹ www.urdu.karachi.usconsulate.gov، امریکی قونصل خانہ لاہور کی ویب سائٹ www.urdu.lahore.usconsulate.gov جبکہ امریکی قونصل خانہ پشاور کی ویب سائٹ www.urdu.peshawar.usconsulate.gov ہے۔