کراچی : فیڈرل بی ایریا میں سینٹرل زون پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر وصی حیدر کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ٹارگٹ کلر وصی حیدر 2002 میں حیدرآباد سے کراچی منتقل ہوا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہ 2005 میں مفتی شامزئی کے قتل میں ریکی کرنے والے ملزمان میں شامل تھا۔ 2013 میں شاہراہ فیصل کے علاقے میں مولانا عبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان علی شاہ ، مفتی صالح محمد قاضی کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ 2009 میں ملزم نے پولیس انسپکٹر ناصر الحسن کو لائنز ایریا میں قتل کیا۔
ٹارگٹ کلر نے 2010 میں ہائیکورٹ کے ملازم بشیر احمد کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے بھتہ خوری اورمخالفین کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔ دوسری جانب ملیر میں انوسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کر کے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر فرحان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ بلال کالونی میں بھی پولیس نے کارروائی کر کے مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سنٹرل کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔