پیرس: 16 ستمبر ، 2015 ،پاکستان میں فرانس کے سفیر جناب غالب اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیشن کی صنعت دنیا میں تیز رفتاری سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے اور حال ہی میں اس صنعت میں اقتصادی ترقی کی شرح 76%رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فیشن مصنوعات دنیا میں ہر جگہ تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جو کہ پاکستان کے ڈیزائن تخلیق کرنے والوں کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے – وہ آج صبح یہاں پاکستان کے فیشن ملبوسات متعارف کرانے کے لیے ایک فیشن شوکے دوران تقریر کر رہے تھے فیشن شو میں متعارف کرائے گئے ملبوسات کے ڈیزائن انڈس ویلی سکول آف آرٹس او ر آرچیٹکچرکی پیشکش تھیں – تقریب سے پیرس کی صنعتی نمائش ٹیکس ورلڈ کے سربراہ جناب مشل شرپ نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے پاکستانی تخلیق کارو ں کی محنت اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ پیرس کی یہ صنعتی نمائش پاکستان کے لیے اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے کا ایک بہترین موقع ہے-انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلے کی صلاحیت رکھتی ہیں -یہ فیشن شو پیرس کی صنعتی نمائش ٹیکس ورلڈ کے 37 ویں سیشن کے موقع پر پیش کیا گیا-اس سے پہلے جناب غالب اقبال نے نمائش میں لگائے گئے پاکستانی اسٹالوں کا دورہ کیا۔
اس سال اس نمائش میں 35 پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جن میں سے 12 کمپنیاں ٹی ڈی اے پی کے زیر اہتمام اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں جب کہ باقی کمپنیاں اپنے وسائل سے اس نمائش میں شریک ہیں- ملبوسات متعارف کرانے کی یہ نمائش پیرس میں سال میں دو بار منعقد کی جاتی ہے- رواں سیشن میں دنیا کے 27 ملکوں کی 945 کمپنیاں شرکت کر رہیہیں۔
پاکستانی اسٹالوں کے دورے کے موقع پر جناب سفیر صاحب نے نمائش کنندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے کی کوششوں کو سراہا اور پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا-نمائش کنندگان نے سفیر موصوف کو بتایا کہ خریدار پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس قسم کی سہولیات پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں- سفیر موصوف نے اعلان کیا کہ اگلے سال پیرس میں پاکستان کے فیشن ملبوسات کو متعارف کرانے کے لیے ایک بڑا فیشن شو منعقد کیا جائے گا۔