اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے بڈھ بیر میں ایئربیس پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہےاور ملک سے دہشتگردوں کا جلد صفایا کر دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملہ دہشتگردوں کے شکست خوردہ ذہنیت کی علامت ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں ایئر بیس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے ملک سے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کا جلد صفایا کر کے دہشتگردی جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے حملے اور کلیئرنس آپریشن سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھنے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔۔
دریں اثناء وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے دہشتگردوں کے خلاف کامیابی سیکورٹی فورسز کی تیاری اورمہارت کا مظہر ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے شدت پسندی سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
بزدلانہ حملہ دہشتگردوں کی شکست خوردہ ذہنیت کا عکاس ہے، دہشتگردوں کے خاتمے تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔