اسلام آباد : چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیپرا رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت توانائی کے شعبے میں بہتری لانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے جب کہ ان کی حکومت سازی کا تجربہ صرف شریف ایمپائر کی ترقی پر استعمال ہورہا ہے۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے نیپرا کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا کے انکشافات چونکا دینے والے ہیں مگر حیران کن نہیں، حکومت فراڈ میٹرز اور اضافی بلوں کے ذریعے عوام کو لوٹ رہی ہے جب کہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ن لیگ کی حکومت سازی کا تجربہ صرف شریف ایمپائر کی ترقی پر استعمال ہورہا ہے جب کہ وہ مرکز میں 3 اور پنجاب میں 6 بار حکومت کرچکی ہے لیکن وہ توانائی کے شعبے میں بہتری لانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور بد انتظامی کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے اور شفاف، غیرجانبدارانہ احتساب کا عمل اوپر سے شروع کرکے نیچے تک سب کا محاسبہ کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا رپورٹ کے مطابق حکومت پاور اسٹریکچر کی بہتری کے قابل نہیں ہے۔
واضح رہے نیپرا نے سالانہ رپورٹ برائے 15-2014 کی رپورٹ میں وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال اور لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی جاتی رہی ہے۔