لاہور : تحریک انصاف کے علیم خان اور مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق کے انتخابی اخراجات کے تخمینے جمع کرانے پرپیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملنے پر عدالت سے رجو ع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے این اے 122 سے امیدوار قومی اسمبلی بیرسٹر عامر حسن نے سردار ایاز صادق اور علیم خان کے انتخابی اخراجات پر الیکشن کمیشن کو قانونی کارروائی کی درخواست دے رکھی ہے جس پر ریٹرنگ آفیسر 29 ستمبر کو تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے امیدواروں کو نوٹس جاری کر کے جواب مانگ چکا ہے مگر جواب نہ ملنے پر گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے دوبارہ دونوں امیدواروں کو نوٹس جاری کر کے دو دن کی مہلت دی ہے۔
پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس ضمن میں فیصلہ کیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن پیر تک کوئی کارروائی نہیں کرتا تو پھر پیپلز پارٹی لاہورہائیکورٹ سے رجو ع کرنے پر مجبور ہو گی۔ بیرسٹر عامر حسن کا کہنا ہے کہ انتخابی اخراجات کی حد پندرہ لاکھ ہے اور ایک ایک امیدوار دس کروڑ سےزائد خرچ کر چکا ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کاجواب دیا نہ انتخابی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جمع کرائی، الیکشن کمیشن تحر یک انصاف اور ن لیگ کے سامنے بے بس ہو چکا ہے۔