اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والی ایک خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاملات میں پاکستان بین الاقوامی کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے، بھارتی رویہ کے پیش نظر قومی سلامتی پاکستان کی ضرورت ہے تاہم پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے اور خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ایٹمی سلامتی اور سکیورٹی کے معاملات پر امریکہ اور عالمی برادری کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہا ہے۔
امریکی اخبار میں چھپنے والے کالم کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی پالیسی جنوبی ایشیاء کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ روئیے کے تناظر میں تشکیل دی جاتی ہے اور پاکستان کو اپنی سلامتی کیلئے کم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی غرض سے تمام ضروری اقدامات کرنے پڑتے ہیں اور بھارت سے کسی قسم کی بھی جارحیت کے خطرے کے باعث سٹریٹیجک استحکام برقرار رکھنا ہوتا ہے۔