پیرس (اشفاق چودھری) فرانس کے دارالحکومت پیرس کی شانزے لیزے ایونیو پر مختلف جنگوں میں مارے جانے والے فرانس کے گمنام شہیدوں کی قومی یادگار آرک دی ٹرومپ پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پاکستان کے شہداء کے اعزاز میں پاکستان کے سفارتخانے اور آرک دی ٹرومپ کمیٹی کی طرف سے ایک سادہ ، منظم اور شاندار تقریب میں شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا.فرانسیسی سکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد، فرانس میں رہنے والے پاکستانیوں، سفارت خانے کے افسران ، کمیٹی کے اراکین اور خواتین نے پاکستان اور فرانس کے پرچم لہراتے ہوئے سفیر پاکستان اور کمیٹی کے سربراہ کا خیر مقدم کیا۔
فرانسیسی فوجی بینڈ نے فرانس اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھن سے تقریب کا آغاز کیا گیا۔ سخت بارش اور تیز آندھی کے دوران پاکستانی سفیر غالب اقبال ڈیفنس اتاشی جنرل فواد حاتمی اور کمیٹی کے تین اراکین نے قومی یادگار پر دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کے شہیدوں کے نام کی ایک چادر چڑھائی اور شعلہ روشن کیا۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فرانسیسی فوجیوں کی یادگار کا انتخاب دنیا میں آزادی اور امن کیلئے پاکستان اور فرانس کے عزم کا اظہار ہے۔ سفیر پاکستان نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات میں لکھا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود فرانس جیسے دوست ممالک کی مدد اور حمایت سے دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا۔
سفیر پاکستان غالب اقبال نے آپ نیوزفرانس کی ٹیم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فرانسیسی فوجیوں کی یادگار کا انتخاب دنیا میں آزادی اور امن کیلئے پاکستان اور فرانس کے عزم کا اظہار ہے۔ شرکاء تقریب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا پاکستانیوں کیلئے فخر کی بات ہے۔ اس طرح کی تقریبات فرانس اور پاکستان کے تعلقات میں مثبت پیش قدمی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت خوشی کی بات ہے۔ یہ تقریب فرانس میں یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی سالگرہ کی اختتامی تقریب تھی۔