لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی پاکستان کی طرف سے پاکستان کی مخصوص پالیسیوں کی آڑ میں محب وطن کشمیریوں پر جبر و تشدد کسی صورت قبول نہیں کرے گی مقامی انتظامیہ کو قابضین کا دم چھلہ بن کر اپنے ہی ہم وطنوں پر وحشیانہ تشدد کرنا کسی صورت زیب نہیں دیتا بلکہ یہ انتہائی گھناونہ فعل ہے کہ اغیار کی خوشنودی کی خاطر محب وطن کشمیریوں پر جبر روا رکھا جائے۔
پارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور راولا کوٹ کے مقام پر قوم پرستوں کے پرامن احتجاج پر پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج ، آنسو گیس اور تشدد کے بعد گرفتاریوں کے خلاف ریاست بھر اور بین الاقوامی سطح پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائے گی ۔ ٢٢ اکتوبر کو پاکستان کی جانب سے قبائلی حملہ ہی تقسیم کشمیر کی بنیاد بنا تھا اور اپنے وطن کی تقسیم اور محکومیت کیخلاف احتجاج کرنا آزادی پسند کا جرم نہیں ہے یہ قومی فریضہ ہے جو قوم پرست اپنے وطن کی قومی آزادی کیلئے سرانجام دیتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے صدر صادق سبحانی ایڈووکیٹ اور مرکزی رہنما شوکت مقبول بٹ ایڈووکیٹ نے سردار صغیر اور دیگر پر پولیس گردی اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی بیان میں کیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے گرفتارشدگان کی جلد اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری جدوجہد مادروطن جموں کشمیر ٨٤٤٧١ مربع میل کی مکمل آزاد و خودمختاری اور طبقات سے پاک ایک خوشحال معاشرہ کے قیام کیلئے ہے جس کو جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جاری و ساری رکھا جائے گا۔
پارٹی مادروطن کے ہر پار قابضین کے ظلم و جبر کے شکار کشمیری عوام کی محکومیت ختم کرکے اپنے وطن پر عوامی راج کیلئے ہر سطح پر سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کو دیگر آزادی پسند قوتوں کے ساتھ ملکر قومی شناخت کے ساتھ قومی آزادی پر منتج کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔اگر گرفتار شدگان کو جلد رہا نہ کیا گیا اورمختلف قسم کے منصوبوں کی آڑ میں کشمیریوں پر جبر کے رواج کو جاری رکھا گیا تو عالمی سطح پر ہر طرح کے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔