نئی دلی :بھارتی حکومت نے پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کو شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے گزشتہ دنوں ممبئی میں بھارتی انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی جانب سے معروف پاکستانی غزل گائیک استاد غلام علی کو دھمکیوں کے بعد کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔
جب کہ اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کو بھی بالی ووڈ فلموں میں کاسٹ نہ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں تھیں جس کے بعد دونوں اداکاروں کی زیر تکمیل فلموں کا کام ادھورا رہ گیا ہے تاہم بھارتی حکومت نے 15 سال سے بھارت میں مقیم پاکستانی گلوکارعدنان سمیع کو شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے عدنان سمیع کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد جلد ہی ان کی شہریت کا اعلان کیا جائے گا دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی عدنان سمیع کو بھارتی شہریت دینے کے فیصلے پر بحث چھڑ گئی ہے۔
جس کے بعد ان کو شہریت دینے کے معاملے پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گلوکار عدنان سمیع کو بھارتی حکومت نے غیر معینہ مدت تک ملک میں رہنے کی اجازت دی تھی۔