اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیا تی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اجلا س ہوا جس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن، سندھ اور پنجاب کے چین الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹریز، آئی جی پولیس اور وفاقی سیکریٹری داخلہ و دفاع بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ اور آئی جی پنجاب نے حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر بریفنگ دی جب کہ ڈی جی ایڈمن الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آراوز اور ڈی آراوز کی جانب سے فوج کی تعیناتی کی درخواستیں ملی ہیں۔ جس پر الیکشن کمیشن نے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا بھاری ذمہ داری ہے ،اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام اداروں کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اورپہلے مرحلے میں جو کوتاہیاں ہوئیں انہیں دور کیا جائے،امن وامان کی ذمےداری صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہے۔