بارسلونا: فرانس کے دارلحکومت پیرس میں گزشتہ رات دہشتگردی کے مختلف واقعات اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف بارسلونا (سپین) کی پاکستانی کمیونٹی آج بروز ہفتہ شام 6:30 بجے RamblaRaval پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی، احتجاج کی کال منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین اور پاکستان عوامی تحریک سپین کی طرف سے دی گئی ہے اور بارسلونا اور گردونواح میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور خصوصاً اسلام کے نام پر ہونے والی دہشتگردی و شدت پسندی کی مذمت کے لیے اس مظاہرہ میںشریک ہوں۔
دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے بارسلونا کی پاکستانی اخبارات کے نمائندوں اور مختلف سپینش اخبارات اور میڈیا چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے پیرس میں ہونے والی دہشتگردی کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان واقعات کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اسلام کے نام پر ہونے والے دہشتگردی کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کریں اور امن و سلامتی پر مبنی اسلام کا حقیقی پیغام ہر ایک تک پہنچائیں۔ محمد اقبال چوہدری نے پاکستانی کمیونٹی کی تمام تنظیمات اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج شام رامبلا رابال پر ہونے والے مظاہرہ میں بھرپور شرکت کریں۔