اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دورہ بھارت سے متعلق کوئی بھی معاملات بغیر اجازت طے نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ دورہ بھارت کے حوالے سے بغیر اجازت کوئی بھی حتمی فیصلہ نہ کیا جائے جب کہ اس حوالے سے کوئی بھی معاملات حکومت کی اجازت کے بغیر طے نہ کیے جائیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کا فیصلہ وزیر اعظم نے کرنا ہے لیکن میں قومی ٹیم کے دورے سمیت بھارت کے ہر قسم کے دورے کی بھرپور مخالفت کروں گا کیونکہ بھارت سے سیریز میں بات پیسوں کی نہیں عزت کی ہے۔
بھارت میں غلام علی، خورشید قصوری اور نجم سیٹھی سمیت پاکستانیوں کی تضحیک کی گئی اور اب کتنے لوگوں کے منہ کالے کرائیں گے جب کہ جو لوگ منہ کالے کرتے ہیں ان کے اپنے دل کالے ہیں دوسری جانب چیرمین پی سی بی شہریار خان نے چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار نے جو بات کی اسے نا مناسب سمجھتا ہوں۔
واضح رہے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے دوران دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا تاہم بھارت میں شیوسینا کی غنڈہ گردی اور دونوں حکومتوں کے کشیدہ تعلقات کے باعث سیریز کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔