لاہور: دبئی میں پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات چیت کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریارخان اورنجم سیٹھی وطن واپس پہنچ گئے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ کرکٹ سیریز آئندہ ماہ سری لنکا میں ہوسکتی ہے۔
دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر کے درمیان ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت ہوئی جو کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ شہریار خان اور نجم سیٹھی وطن واپس آئے تو ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کیے بغیر روانہ ہوگئے۔ لیکن یہ ضرور کہہ گئے کہ بات چیت سے متعلق آئی سی سی ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک آج بریفنگ دیں گے۔
اُدھر برطانوی نشریاتی ادارے نے خبر دی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز آیندہ ماہ سری لنکا میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔ یہ سیریز طے شدہ پروگرام کی مکمل ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بجائے پانچ یا چھ محدود اوورز کے میچز پر مشتمل ہوگی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں پاک بھارت کرکٹ روابط بہت اہمیت کے حامل ہیں ، یہ سیریز ہر صورت ہونی چاہیے۔