کراچی: کراچی میں متحدہ کی جانب سے نکالی گئی ریلی اور جلسے کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایس پی جمشید ٹاون ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بدھ کو بغیر اجازت ریلی نکالی گئی جس کے بعد جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی اور جلسے کے انعقاد پر ایم کیو ایم کے 9 رہنماوں کے خلاف سولجر بازار تھانے میں سرکار کی مدعت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے میں ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، وسیم اختر، فیصل سبزاواری، واسع جلیل، نسرین جلیل، محمد حسین، کنور نوید اور کمال پاشا کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سڑک بلاک کرنے اور ٹریفک کو روکنے کی دفعات کے علاوہ لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ یاد رہے ایم کیو ایم کے تحت گزشتہ روز لیاقت آباد سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالی گئی تھی۔