امریکی قیادت میں حملے ، 40 شدت پسند زخمی، کیمرون کی خطے کے بارے میں حکمت عملی مسترد کرتا ہوں، شامی صدر
برطانوی فضائیہ کا دوسرا حملہ، دو ٹائفون فائٹر بمبار جہازوں نے پہلی بار حصہ لیا، تیل کی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا ،حکام لندن، دمشق( خبرایجنسیاں ) امریکی قیادت میں اتحادی طیاروں نے شام کے شہر رقہ پر بمباری کرکے 32 داعش جنگجوؤں کو ہلاک اور40 کو شدید زخمی کردیا ، سیئرئین آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق اتحادی طیاروں نے رقہ میں شدت پسند تنظیم کے ٹھکانوں پر پر اندھادھندبم پھینکے جس کے نتیجے میں 32 جنگجومارے گئے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہیں جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ادھر برطانوی طیاروں نے شام میں داعش کے خلاف دوسرا فضائی حملہ کیا ہے، برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالون کا کہنا ہے کہ دو ٹائفون فائٹر بمبار جہازوں نے پہلی بار فوجی کارروائی میں حصہ لیا، جن کی مدد سے مشرقی شام میں تیل کی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی شام گئے شام میں داعش کے اہداف کے خلاف دوسری فضائی کارروائی کی۔ اہل کاروں کے مطابق، کارروائی میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ علاوہ ازیں شامی صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ برطانیہ کے شام میں داعش کے خلاف فضائی حملے اس جنگجو گروپ کو شکست دینے میں ناکام رہیں گے ۔انھوں نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی خطے کے بارے میں حکمت عملی کو مسترد کردیا ہے اور اس کا مذاق اڑایا ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ کیمرون کی حکمت عملی سے صورت حال بہتر نہیں ہوگی بلکہ اور بھی ابتر ہوجائے گی، شامی صدر نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر ناکام ہونے جارہے ہیں،آپ سرطان زدہ حصوں کو کاٹ نہیں سکتے ہیں بلکہ آپ کو اسے جڑ سے ختم کرنا ہوگا،اس طرح کا آپریشن سرطان زدہ حصوں کو کاٹ پھینکنے کے مترادف ہے ،اس سے مرض جسم میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے ۔انھوں نے برطانوی وزیراعظم کے اس بیان کو بھی مضحکہ خیز قرار دیا ہے کہ شام میں مغرب کے حمایت یافتہ ستر ہزار سے زیادہ جنگجو موجود ہیں اوروہ جنگجوؤں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں ان کے خالی کردہ علاقوں پر قبضہ کر لیں گے اور وہ شام میں جاری خانہ جنگی کے سیاسی حل کی راہ بھی ہموار کرسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ ڈیوڈ کیمرون کے کلاسیکل دعووں کی ایک لمبی فہرست کی تازہ قسط ہے ۔یہ جنگجو کہاں ہیں؟ وہ جن ستر ہزار اعتدال پسند جنگجوؤں کے بارے میں بات کررہے ہیں ،وہ کہاں پائے جاتے ہیں