امریکی ریاست آئیووا میں ایک بلی، جس کی پچھلی دونوں ٹانگیں ضائع ہو گئی تھیں ، سرکاری یونیورسٹی میں اس کی دونوں مصنوعی ٹانگیں فٹ کر دی گئی ہیں ، جن کی مدد سے وہ آسانی سے چلنے پھرنے لگی ہے ۔
ایمس (نیٹ نیوز) امریکی میڈیا کے مطابق کسی جانور کو مصنوعی اعضا لگانے کے دنیا بھر میں پچیس کیسز ہوئے ہیں ۔ ونسینٹ نام کی اس بلی کو کسی نے زخمی حالت میں پایا ، اور اس کو نیواڈا میں زخمی جانوروں کے لئے بنائے گئے شیلٹر میں چھوڑ دیا گیا ۔ بلی کا پہلے سادہ تھراپی کے ذریعے علاج کیا گیا ، مگر فائدہ نہ ہوا ، اور اس کی پچھلی دونوں ٹانگیں ضائع ہو گئیں ۔ ونسنٹ کا پہلا آپریشن پچھلے سال کیا گیا تھا اور پھر اس کی ہڈیوں کے بڑھنے تک کا انتظار کیا گیا ، جب وہ ہڈیاں کچھ پختہ بن گئیں ، تو اب اس کو دو مصنوعی ٹانگیں لگا دی گئیں ، جس سے بلی کے چلنے پھرنے کی صلاحیت تو پیدا ہو گئی ہے ، تا ہم ابھی دیگر بلیوں کی طرح چھلانگ نہیں لگا سکتی ۔ لیکن ڈاکٹر پر امید ہیں ، کہ جلد ہی وہ چھلانگیں بھی لگا سکے گی ۔