کھاریاں( نیئر صدیقی سے) منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیں گ کھاریاں صدر پولیس نے اندھے قتل کے ملزم سمیت مختلف وارداتوں میں مطلوب 6ملزمان گرفتار کر لئے لاکھوں روپے نقدی اور سامان مسروقہ برآمد۔لیبیا جیولرز پر ہونے والی ڈکیتی کا اصل ملزم عرفان سنیارا بھی گرفتار۔ ایس ایچ او تھانہ صدر شہباز احمد ہنجرا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ چند روز قبل مین بازارمیں ایک فلیٹ پر ہونے والے اندھے قتل کے ملزم کو موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے باجوڑ ایجنسی سے گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ مختلف مقدمات میں مطلوب کامران ، عمران ، خرم، شہزاد اور نذیر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضہ سے 12لاکھ95ہزار روپے نقد، ناجائز اسلحہ اور دیگر سامان مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی کیلئے صحافیوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ صحافی طبقہ نشاندہی کرے تو پولیس کیلئے مجرم تک پہنچنا آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھاریاں میں سٹریٹ کرائم کو صفر پر لانے کیلئے گشت کے نظام کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ پولیس ملازمین کو سختی کے ساتھ اپنی وردی کا تقدس قائم رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پولیس ہر وقت ، ہر جگہ موجود نہیں رہ سکتی، تجارتی مراکز نیشنل ایکشن پلان کی ہدایات کی روشنی میں اپنے سیکیورٹی گارڈز کا انتظام کرنا ہو گا۔شہباز احمد ہنجرا نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ تھانہ کی حدود میں جرائم پیشہ افراد کیلئے کوئی جگہ نہیں۔لیبیا جیولرز ڈکیتی کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ڈکیتی کے مجرم پکڑنے کا سارا کریڈٹ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے اپنی کی ہوئی اس بات کی لاج رکھی کہ جب تک اس ڈکیتی کے ملزم گرفتار نہیں ہو ں گے میں ’’پی کیپ‘‘ نہیں پہنوں گا۔ شہباز ہنجرا نے کہا کہ جب کپتان جرم کے خلاف اس قدر سخت ایکشن کا قائل ہو گا تو نیچے والا عملہ خود بخود متحرک ہو جاتا ہے۔ ڈی پی او صاحب نے رات تین تین بجے تک میٹنگز کیں، اور ان ملزموں کو پکڑنے کیلئے ہمیں پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی ریڈ کرنا پڑے۔ پریس کانفرنس میں کھاریاں کے صحافیوں شیخ زمان احسن، حاجی عبدالرؤف، تنویر نقوی، مرید حسین جعفری، شہزاد احمد، نیئر صدیقی، احسان الحق، حافظ عمران خلجی، حکیم سجاد اکرم، طاہر رشید صدیقی، جبار ساگر، عبدالعزیز گوندل، اعجاز مرزااور قربان گجر نے شرکت کی۔