لندن……..برطانیہ کے شمالی حصوں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال برقرار ہے ۔آئرلینڈ اور کمبریا میں دو افراد ہلاک ہو گئے ،کمبریا کاؤنٹی میں بارش کا چھ سالہ رکارڈ ٹوٹ گیا۔برطانیہ کے شمالی حصوں سے اب تک سیلابی پانی نہیں نکالاجاسکا، سڑکیں اور مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، صورتحال کے با عث ہزاروں افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔کمبریا اور لنکا شائر میں 43 ہزار سے زائد مکانات کی بجلی منقطع ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق سیلاب سے پانچ ہزار سے زائد مکانات متاثر ہوئےہیں ۔کمبریا میں اسکول بند اور ٹرین سروس معطل ہے۔ کئی علاقوں میں پُل اور رابطہ سڑکیں بھی پانی میں بہہ گئیں،طوفان ڈیسمنڈ نے شمالی آئرلینڈ ، شمالی ویلز،جنوبی اسکاٹ لینڈ اور شمال مغربی انگلینڈ کو متاثر کیا۔