اسلام آباد…….بھارتی وزير خارجہ سشما سوراج نےکہا ہےکہ دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے ،ہمیں چاہیے کہ برد باری کا مظاہرہ کریں ، انہیں مایوس نہ کریں ، بھارت پاکستان کے ساتھ اس رفتارسے تعاون کے لیے تیار ہیں جس سے پاکستان کو سہولت ہو۔اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے بھارتی وزير خارجہ نے کہاکہ وقت آ گیا ہےکہ ایک دوسرے سے تعلقات میں پختگی اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کریں۔ بھارت تیار ہے کہ اس رفتار پر تعاون آگے بڑھا ئے جس پر پاکستان آسانی محسوس کرے ، بھارت اپنی تجارت کے راستے پاکستان تک پھیلانا چاہتا ہے ، دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے اور ہمیں دنیا کو مایوس نہیں کرنا چاہیے ۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں ،افغانستان کے ساتھ تجارت کیلیے اقدامات کرنا ہوں گے ، اقتصادی ترقی کے سوا افغانستان میں امن کا کوئی راستہ نہيں ، انہوں نے کہاکہ افغانستان کو بھارتی مارکیٹ تک براہ راست اور مکمل رسائی دی جائے جبکہ بھارت نے پاک افغان ٹریڈ اینڈ ٹرانزٹ ایگریمنٹ میں شامل ہونے کے لیے بھی باضابطہ خواہش کا اظہار کیا ہے ۔سشماسوراج کا کہنا تھاکہ دہشتگردی کابہادری سےمقابلہ کرنےپرافغان عوام کوسلیوٹ کرتے ہیں ، علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیںافغانستان میں دہشتگردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہاکہ افغانستان میں جمہوریت قدم بڑھا رہی ہے ، تاہم اسے اہم داخلی مسائل کا سامنا ہے بھارتی وزير خارجہ نے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام اور اس کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے تعاون پرتیار ہے ۔