پیرس…….. رضا چوہدری ……..پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے دو ماہ میں پارٹی کے اندر انتخابات کے اعلان اور سندھ اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے کیلئے پی ٹی آئی فرانس کے منتخب عہدیداروں اور کمیٹیوں کےعہدیداروں کا اجلاس صدر عمر رحمان کی صدارت میں ہوا۔اس موقع پر پارٹی عہدیداروں نے چیئرمین عمران خان کی اس بات کی مکمل طور پر تائید کی کہ پارٹی منشور نچلی سطح تک نہیں پہنچ سکا ہے۔ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پارٹی منشور نچلی سطح تک نہ پہنچنے کے اصل ذمہ دار وہ خود ساختہ رہنما ہیں جو نوٹی فکیشن کے بل بوتے پر منتخب عہدیداروں پر مسلط ہیں ۔انھوں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہاربھی کیا۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ملک اصغر برہان ، چوہدری افضال ڈھل، ایم کے پرویز چوہدری ،چوہدری طاہر اقبال، امتیاز گدھر اور بابر مغل نے کہا کہ پارٹی کے فرانس کےرہنما اورسینئر منتخب عہدیدار ایسے لوگوں کو تسلیم نہیں کرتے،اور نہ ان کی نگرانی میں انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم کریں گے ۔اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ ان خود ساختہ لیڈروں اوران کی جانب سے ذاتی نمائش کیلئے بنائے گئے سیکرٹریٹ فوری ختم کئے جائیں اورماضی کی طرح پارٹی کارکنوں کی چیئرمین سے برائے راست رابطے بحال کیے جائیں تاکہ کارکنوں کی رائے اور پارٹی منشور عوام اور عام ورکروں تک پہنچ سکے۔ انھوں نے پارٹی رکنیت فیس میں کمی کے فیصلہ کو بھی سراہا۔